تہران،13اکتوبر(ایجنسی) ایران کی پارلیمان نے چھے بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پائے تاریخی جوہری معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔اس کے بعد اس معاہدے پر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ منگل کو پارلیمان میں جوہری معاہدے سے متعلق قرارداد پر رائے شماری ہوئی ہے۔ایک سو اکسٹھ ارکان نے ''مشترکہ جامع لائحہ عمل'' کے نام سے قرارداد کے حق
میں ووٹ دیا ہے،اکسٹھ نے اس کی مخالفت کی ہے جبکہ تیرہ ارکان رائے شماری کے وقت اجلاس سے غیرحاضر رہے ہیں۔
پارلیمان میں رائے شماری کے وقت دوسو نوّے میں سے ڈھائی سو ارکان حاضر تھے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایوان میں موجود سترہ ارکان نے مذکورہ قرارداد کے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا ہے۔